کراچی (جیوڈیسک) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زکریا عثمان نے کہا ہے کہ 67 سال گزرنے کے بعد بھی پاکستان کو بہت سے معاشی اور سماجی مسائل کا سامنا ہے، ہم بحیثیت ایک قوم کے پروان نہ چڑھ سکے اور ملک کے حکمران بھی اپنے ذاتی اور سیاسی مفاد کی خاطر متحد نہ ہوسکے۔
یہ بات انہوں نے 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر فیڈریشن ہاؤس میں پاکستان کا چھنڈا لہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، فیڈریشن چیمبرآف کامرس کے سی ایس آر ڈپارٹمنٹ بھی نے اسکول کے بچوں کی آگہی اور قومی تشخص اجاگر کرنے کے لیے یوم آزادی کے اس موقع پر فیڈریشن ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا، اس تقریب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زکریا عثمان، سینئر نائب صدر شوکت احمد، نائب صدر اسماعیل ستار، حاجی شفیق الرحمان، صدیق شیخ اور اشفاق احمد صدیقی کے علاوہ بڑی تعداد میں اسکولوں کے بچوں نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے تعلیم اور قومی تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ زکریا عثمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے اور اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑھ رہی ہے، اس کے علاوہ ملک میں انرجی کا بدترین بحران ہے جس نے ہماری صنعتوں کو تباہ کر دیا ہے جس سے ملک میں بیروزگاری بڑھ گئی ہے اور اس کے نتیجے میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوگئی ہے۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی سیاسی سر گرمیوں سے گریز کریں جس کی وجہ سے ملک میں رہی سہی تجارتی اور معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور معیشت دونوں کو علیحدہ علیحدہ رکھنا ہو گا کیونکہ ہمارا ملک مزید معاشی اور مالی نقصان کو برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہڑتالیں، جلسے جلوس اور پبلک پرائیویٹ املاک کو نقصان پہنچانا ملک اور قوم کا نقصان ہے اور ان حالات میں ایک مزدور جو یومیہ اجرت پر اپنے گھرانے کی کفالت کرتا ہے وہ بری طرح متاثر ہوتا ہے اور ملک میں تجارتی اور معاشی سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔