ای ڈی او صحت کراچی کا عہدہ ختم، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز تعینات

Sindh Government

Sindh Government

کراچی (جیوڈیسک) حکومت سندھ نے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 1979 کے تحت ای ڈی او ہیلتھ کراچی کے عہدے کو ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈویژن میں تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کراچی سے ای ڈی او ہیلتھ کا عہدہ ختم کر کے اس کی جگہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈویژن کے احکام جاری کر دیے گئے۔

اس احکام سے قبل کراچی میں ڈاکٹر ظفراعجاز ای ڈی اوہیلتھ کراچی تعینات تھے جنھیں اب ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈویژن مقرر کر دیا گیا ہے، ایس اینڈ جی ڈی نے ڈاکٹر ظفر اعجاز کی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈویژن تعیناتی کے احکام جمعہ کو جاری کر دیے۔

کراچی میں لوکل گورنمنٹ آڈیننس 1979 کی بحالی کے بعد محکمہ صحت کا موجودہ ڈھانچہ بھی تبدیل ہو گا جس کے تحت کراچی سے 19 ٹاؤنز ہیلتھ افسران کی اسامیوں کو بھی ختم کردیا جائے گا اوران کی جگہ ضلعی ہیلتھ افسران کی تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

دریں اثنا محکمہ صحت میں کئی افسران کے بھی تبادلے کیے گئے، گریڈ 20 کے سینئر ڈاکٹر عبدالشکور عباسی کو ایم ایس سندھ گورنمنٹ سعودآباد اسپتال تعینات کر دیا گیا، ڈاکٹر عبدالواحد راجپوت کوایم ایس ابراہیم حیدری اسپتال، ڈاکٹر حمید شیخ کو پرنسپل پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ مقررکردیا ، ابراہیم حیدری اسپتال کے سابق ایم ایس ڈاکٹر آفتاب عزیزی محکمہ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی۔