لاہور (جیوڈیسک) پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے تعلیم کے حصول میں مشکلات کے حوالے سے تحریک التوا پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ‘‘موجودہ دور میں تعلیم کا حصول عام آدمی کے لئے بہت مشکل ہوگیا ہے۔ تعلیم کی فراہمی کو سستا اور آسان بنانا حکومت کی دستوری ذمہ داری ہے پرائیویٹ یونیورسٹیز کے قائم کردہ میڈیکل کالجز میں تعلیم کا حصول عام آدمی کی پہنچ سے دور اور مشکل کر دیا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ ان اداروں کی فیس ہے جو لاکھوں روپے ہے۔
اس فیس کا ادا کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ اس پر المیہ یہ ہے کہ یہ میڈیکل کالجزداخلہ دیتے وقت 10 سے 20 لاکھ تک آف دی ریکارڈ ہر داخل ہونے والے سے فنڈ وصول کرتے ہیں۔ ضرورت ہے کہ حکومت ان پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی بڑھتی ہوئی فیسوں کا جائزہ لے اور ان کو پابند کرے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اجتماع میں آنے والے مہمانوں کے استقبال کے لیے متعدد مقامات پر کیمپ لگائے گئے ہیں۔