کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ نگراں وزیر اعلی بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی نے کہا ہے کہ ملک و معاشرہ تعلیم سے ترقی کرتا ہے، بلوچستان کے طلبہ وطالبات میں بھی صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے ، تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے دورے کے موقع پر کہی ، نواب غوث بخش نے کہا کہ بیوٹمز یونیورسٹی کے عزم کو دیکھ کر دل بہت خوش ہوا کہ ہمارے صوبے میں بھی ایسے معیاری تعلیمی ادارے موجود ہیں انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیم کی فراہمی سے معاشرے میں اچھے اور مثبت نتائج برآمد ہونگے کیونکہ ملک و معاشرہ تعلیم سے ترقی کرتا ہے۔
صوبے میں ایسے تعلیمی اداروں کو دیکھ کر یہ اطمینان ہوتا ہے کہ ہمارے آنے والے دن سنہرے دن کہلائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم سب سے بڑا ہنر ہے اس کے پھیلانے والے تمام اداروں کی مالی معاونت کرینگے، اس موقع پر یونیوسٹی وائس چانسلر فاروق بازئی نے وزیر اعلی بلوچستان کو ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ یونیوسٹی گزشتہ تین سالوں سے مالی طور پر مضبوط نہیں ہے اس کی بڑی وجہ ہائرایجوکیشن سے فنڈز کی کٹوتی ہے تاہم محدود وسائل میں رہتے ہوئے تعلیمی تسلسل کو بہتر انداز میں برقرار رکھا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلی بلوچستان نے یونی ورسٹی کے تمام فکلٹیز کا بھی دورہ کیا۔