لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ تعلیم کا بجٹ پانچ فیصد کرکے قوم کے خوابوں کو تعبیر دی جائے ۔ پاکستان دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت تعلیم پر سب سے کم رقم خرچ کرتا ہے۔
نئی پالیسیاں محض اعداو و شمار کا ہیر پھیر ہے ، تعلیم کی بہتری کے لئے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے کراچی کے طلبہ کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے مزید کہا کہ رشوت ، پرچی سسٹم اور سفارش کے کلچر نے معاشرے کی جڑیں کھوکھلا کر دی ہیں ، نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لئے بیروزگار گھوم رہے ہیں ، حکومت کی پالیسیاں سیاست کی بھینٹ چڑھ رہی ہیں ، میرٹ کا قتل عام جا ری ہے، تعلیم حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، لیکن حکومت شہریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم رکھ رہی ہے۔ ریاست کا اپنے فرض سے نگاہیں نہ چرائے۔
تعلیمی بجٹ میں ایک بڑا حصہ ترقیاتی کاموں کے لئے مختص کیا جائے، نئے تعلیمی ادارے قائم کئے جائیں۔ پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے مگر حکومت تعلیمی اداروں کی تعداد میں اضافہ کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ملک یکساں نظام، نصاب اور زبان کا نافذ العمل کی جائے۔
پاکستان میں تعلیم پر صرف دو فیصد خرچ کیا جا رہا ہے جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے، زبیر حفیظ نے سیاسی جماعتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ الیکشن سے قبل تعلیم کو اولین ترجیح میں رکھنے والی سیاسی جماعتیں ایجوکیشن بجٹ میں اضافے کے لئے اپنا کردار ادا کریں طلبہ نے مرکزی سیکرٹریٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہیں جمعیت کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
سید امجد حسین بخاری مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان 0334-5019016