تعلیم عام کیے بغیر ترقی کا خواب بھی نہ دیکھا جائے، جیدہ خان

لاہور پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی رکن صوبائی اسمبلی جیدہ خان نے کہا ہے کہ تعلیم عام کیے بغیر ترقی کا خواب بھی نہ دیکھا جائے مفت اور لازمی تعلیم کی فراہمی کے لیے قانون سازی کیے جانے کے حوالے سے اپوزیشن کی بات نہیں سنی جارہی آئین کے آرٹیکل 125 A کی روشنی میں گورنر پنجاب حکومت کو بل اسمبلی میں لانے کے لیے قائل کریں۔

انہوں نے اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے دور حکومت میں پڑھا لکھا پنجاب کے کامیاب پروگرام کے ذریعے میٹرک تک مفت تعلیم اور کتابیں فراہم کرکے شرح خواندگی میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔

مگر افسوس 2008 ء کے بعد تعلیمی شعبہ میں نت نئے تجربات کرکے قیمتی وقت ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ معیار تعلیم کو بھی گرا دیا گیا، انہوں نے کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے فوائد تبھی ظاہر ہونگے جب آئین کے تحت قانون سازی بھی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ تعلیم کوعام کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا چاہئیے کیونکہ یہ ہمارے ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے اس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئیے۔