فیصل آباد: تعلیم کی ترقی ہر قوم کاحق ہے گرلز ڈگری کالج اہلیان دھنولہ کے لیے تحفہ ہے۔ موجودہ دور میں لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے قوموں کی ترقی کے لیے لڑکیوں کی تعلیم نہایت ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار ملت روڈ پر واقع چک نمبر 117 ج ب میں حال ہی میں منظور ہونے والے گرلز ڈگری کالج کا ایم این اے چوہدری ظفر اقبال ناگرہ نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوموںکی ترقی میں عورتوں کی تعلیم نے جو کردار اداء کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے دنیا میں جن قوموں نے بھی ترقی کی منازل طے کی ہیں وہاں عورتوں کی تعلیم کو مقدم رکھا گیاہے ۔ہمارے معاشرے میں عورت کو زیادہ تعلیم دلانے کا رواج نہیں جس وجہ سے ایک ماں اپنی اولاد کی تربیت بہترین انداز میں کرنے سے قاصر رہ جاتی ہے ۔علاقہ ملت ٹائون کی بچیوں کو زیورتعلیم سے آراستہ ہونے کا ایک بہترین موقع فراہم کردیا گیاہے تاکہ وہ اپنی زندگی میں بہترین تعلیمی سنگ میل عبور کرکے اپنا اور اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل تابناک بنا دیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار اداء کریں۔
اس موقع پر دیگر کالج کی پروجیکٹ ڈائریکٹر میڈیم شائستہ نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالج کا قیام دھنولہ و گردونواح کی بچیوں کے تابناک تعلیمی مستقبل کا ضامن ثابت ہو گا انہوں نے مزید کہا کہ کالج کے دددیوار سے علم کے مینارے روشن ہونگے جو سارے معاشرے میں روشنی پھیلائیں گے ۔اس موقع پر کالج کے خصوصی کاوشوں میں شریک رہنے والی علاقے کی ہمہ تن شخصیت محمد حلیم انصاری نے کہا کہ ظفر اقبال ناگرہ کی طرف سے ایک ایسا تحفہ دیا گیا ہے جسے صدیوں نسلوں کی فلاح کے لیے بنایا گیا ہے۔
یہاں سے معاشرے کی بہترین ترقی وجود میں آئے گی انہوں نے مزید کہاکہ گرلز ڈگری کالج منظور کروانے پر ظفر اقبال ناگرہ کا خصوصی مشکور ہوں جنہوں نے علاقے میں باقی ترقیاتی کاموں کے ساتھ علاقے کی بچیوں کو باپردہ ماحول میں بہترین تعلیم کی فراہمی یقینی بنادی ہے انہوں نے مزید کہا کہ اب والدین پر ہے کہ اپنی بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کالج میں داخل کروائیں اور ملکی ترقی اور بہترین معاشرے کے قیام میں اپنا حصہ ڈالیں۔