کراچی (جیوڈیسک) مہاجر رابطہ کونسل کے سینئر نائب صدر تصدق حسین اور جوائنٹ سیکریٹری راؤذہین عالم نے محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے انٹر کے داخلہ برائے سال 2015-16 میں سینٹرل ایڈمیشن پالیسی ( CAP) میں بد انتظامیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ تعلیم سندھ کا عمل انتظامی غفلت کے ساتھ ساتھ مہاجر نوجوانوں کے خلاف کھلی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر شہروں میں انٹر کی تعلیم کا آغاز ہوچکا ہے لیکن کراچی میں صوبائی وزارت تعلیم کے متعصبانہ اقدامات کے باعث کراچی میں یہ عمل تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، 14 سال سے جاری کیپ پالیسی میں اچانک محکمہ تعلیم کی جانب سے نئے تجربات اور صوبائی وزارت تعلیم میں متعصب و من پسند افراد کی بھرتیوں کے سبب کراچی کے لاکھوں مہاجر طلبہ اور طالبا ت کامستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کا آن لائن سسٹم کا موجودہ اقدام انتہائی مضحکہ خیزتھا جو مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ انھوں نے صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبائی محکمہ تعلیم کے مہاجر دشمن اقدامات کا فوری نوٹس لیں۔