تعلیم کو غیر ملکی تسلط میں دینے سے گریز کیا جائے : محمد زبیر حفیظ
Posted on April 21, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ تعلیم کو غیر ملکی تسلط میں دینے سے گریز کیا جائے، ملکی ماہرین تعلیم سے تعلیمی نظام میں بہتری کے لئے خدمات حاصل کی جائیں ، ملی یک جہتی اور قومی وحدت پر کسی قسم کا سمجھوتہ قوم کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ کالج پشاور میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ نصاب تعلیم میں مثبت تبدیلیاں ناگزیر ہیں لیکن حکومت کی جانب سے نظریہ پاکستان سے متصادم تبدیلیاں ناقابل قبول ہیں ، نصاب سازی کا اختیار صوبوں کو منتقل کرنے سے قومی وحدت پارہ پارہ ہوئی ہے اور نظریہ پاکستان کو نصاب سے ختم کیا گیا ہے۔
حکومت غیر ملکی ماہرین کی ایماء پر قوم کے ساتھ مذاق کر رہی ہے جس کا خمیازہ آمدہ نسلوں کو بھگتنا پڑے گا، دریں اثنا ء انہوں نے سرکاری تعلیمی اداروں کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات خاطر خواہ نہیں ہیں ، معلم کو صرف تعلیم دینے کے لئے رکھا جائے ، پولیو ڈیوٹیاں اور ممبران اسمبلی کی چاکری اساتذہ کا کام نہیں ہے ، تعلیمی اداروں میںاساتذہ کی حاضری یقینی بنائی جائے، سرکاری تعلیمی اداروں کے حالیہ نتائج حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول دینے کے لئے کافی ہیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com