کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں تبلیغ پر پابندی کے بعد حکومت کو رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ، نوازشریف نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا ملک کو سیکولر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، قوم ایسے حکمرانوں سے نجات کیلئے اٹھ کھڑی ہو،تمام مساجد میں حکمرانوں سے نجات کیلئے آیت کریمہ کا ورد شروع کرایا جائے۔
اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ تبلیغی جماعت نے نہ کسی سیاسی، نہ سماجی تنظیم کی حمایت کی ہے اور نہ یہ جماعت تشدد پر یقین رکھتی ہے بلکہ یہ ہر قسم کی فرقہ واریت کو مسترد کرتے ہوئے تمام مسلمانوں کو باہم ایک لڑی میں پرونی سعی میں مصروف ہے ایسی جماعت پر پابندیایقینا ایک سوچی سمجھی سازش ہے اور ملک کو سیکولر بنانے کی پہلی سیڑی ہے ، مفتی محمدنعیم نے کہاکہ یہ ملک اسلام کے نام پر معارض وجود میں آیا ہے اس کے تشخص کیخلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوں گی۔
حکمرانوں کے رویوں کی درستگی کیلئے اللہ تعالی ٰ سے رجوع کیا جائے اور آیت کریمہ کے ورد کے ذریعے سے ان حکمرانوں سے نجات کی دعائیں کی جائیں۔، انہوںنے مزید کہاکہ میں نے دنیا بھر کی ینورسٹیوں میں تبلیغی جماعت کے لوگوں کو کام کرتے ہوئے دیکھاہے کبھی کہیں سے تبلیغی جماعت کے بارے میں کوئی شکایت نہیں آئی پوری دنیا جانتی ہے یہ پرامن اور لوگوں کو انسان بنانے والی جماعت ہے جس نے لاکھوںانسانوں کو دین کی دولت سے روشناس کرایاہے۔
انہوںنے کہاکہ شریف برادران نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا اس سے گزشتہ دور حکومت میں جب ان کے مظالم علماء اور مذہبی طبقے پر بڑھ گئے تو اللہ تعالیٰ نے ان سے اقتدار کو چھین کر انہیں ذلیل کیا تھا مگر ایک بار پھر اللہ تعالیٰ نے ان کو عزت دی پھر یہ ماضی کو دہرا کر نااہلی کا ثبوت دے رہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت کے اس اقدام کے بعد تو ایسی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ا تمام عوام الناس سے درخواست ہے کہ وہ اپنی مساجد میں اپنے گھروں میں آیت کریمہ کا ورد شروع کردیں انشاء اللہ ان سے نجات مل جائے گی۔