مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) تعلیم ایک مقدس فریضہ ہے اس میں ایڈہاک ازم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ محکمہ تعلیم پنجاب میں کنٹریکٹ پر بھرتی ایجوکیٹر زکو تاریخ تقرری سے مستقل کیا جائے۔ وفاق کی طرح پنجاب میں بھی تمامS.S.T اساتذہ کو گریڈ 17، E.S.T اساتذہ کو گریڈ 16 اور تمام P.S.T اساتذہ کر گریڈ 14 دیا جائے۔ وفاقی اداروں میں دیا جانے والا ٹیچنگ الائونس بھی پنجاب کے تمام اساتذہ کو دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ایجوکیٹر رہنما الحاج محمد افضل شاہین نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے الیکشن 2013 ء سے پہلے محکمہ تعلیم پنجاب میں بھرتی تمام کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا۔نگران حکومت نے ان کی مستقلی پر الیکشن قریب ہونے کی وجہ پابندی لگا دی۔الیکشن ہوئے تقریبا ڈیڑھ سال ہو چکا ہے لیکن پنجاب کے ہزاروں ایجوکیٹر مستقلی کی امید لئے انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں۔
اس دوران کچھ کنٹریکٹ ملازمین اپنے خالق حقیقی سے جا ملے لیکن ان کے ورثاء ان کے مستقل نہ ہونے کی وجہ سے کسی بھی قسم کی امداد سے محروم ہیں۔خادم اعلیٰ پنجاب ہنگامی بنیادوں پردوران ملازمت وفات پانے والے کی مالی مدد اور ان کے یتیم بچوں کے لئے پنشن دینے اور تمام کنٹریکٹ ملازمین کو تاریخ تقرری سے مستقل کرنے کا اعلان کریں۔