تعلیم قوم کے ہر بچے کا حق ہے، اس کو حق ملنے تک جد وجہد جاری رکھیں گے : سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

لاہور ( سید امجد حسین بخاری) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اس کو حق ملنے تک جد وجہد جاری رکھیں گے۔امیر خاندانوں اور جاگیرداروں کی اولادیں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں مگر غریب افراد کو ٹاٹ سکول بھی میسر نہیں ہیں ، ایک خاص طبقہ ملک کے اقتدار پر قابض ہے اور ملک کو جی بھر کر لوٹ رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر کارکنان جمعیت اور مرکزی ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوںپر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوان اس قوم کا حقیقی سرمایہ اور امید ہیں ، نوجوانوں کو تعمیر وطن کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ قوموں کی تقدیریں نوجوانوں سے ہی وابستہ ہیں ۔ ہر حکومت نے نوجوانوں کو سہانے خواب دکھائے مگر نوجوانوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہر دور میں طلبہ کی رہنمائی کی ہے اور طلبہ میں ایک مقام پیدا کیا۔

جمعیت کی تاریخ لازوال قربانیوں اور جدوجہد سے عبارت ہے۔ جمعیت کے نوجوان قوم کا حقیقی سرمایہ ہیں ۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر حفیظ شیخ نے امیر جماعت اسلامی کا استقبال کیا ، انہیں مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کروایا اور جمعیت کی تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔امیر جماعت اسلامی کے ہمراہ وقاص انجم جعفری ، اور مرکزی ڈپٹی سیکر ٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف اور دیگر قائدین بھی تھے۔

0334-5019016