لاہور (07دسمبر 2016ء) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل فیصل جاوید نے کہا ہے کہ یکساں نظام تعلیم قوموں کی ترقی کا ضامن ہوتا ہے۔ مختلف نظام ، زبان اور نصاب قوم کو تقسیم کرتے ہوئے نفرتوں کو جنم دے رہا ہے، تعلیمی اداروں سے ہونہار نوجوان تیار ہونے کی بجائے صرف کلرک پیدا کئے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹوڈنٹ ایجوکیشنل ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں نے مزید کہا کہ جاگیردار ، صنعت کار اور سرمایہ دار سیاست پر قابض ہو کر اپنے مفادات کے تحفظ میں مگن ہیں ۔ پرچی سسٹم ، سفارشی کلچر کے خاتمے اور میرٹ کی بالادستی سے ہی ملک میں خوشحالی اور ترقی کے خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتے ہیں۔ناکام منصوبہ بندی، تعلیمی اداروں میں سیاسی بنیادوں پر تقرریاں اور محکمہ تعلیم کے افسران و تعلیمی اداروں کے سربراہان کی کرپشن نے شعبہ تعلیم کو تباہ کردیا ہے۔
نوجوان ڈگریاں لئے روز گارکی تلاش میں سرکرداں ہیں۔ مگر مئوثر سفارش و رشوت کے لئے رقم نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت افراد کو آگے بڑھنے کا موقع نہیں ملتا جس کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہو گئے ہیں۔طلبہ پاکستان کو اسلامی ، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے اور اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لئے انہیں مواقع ہی میسر نہیں آتے۔ نوجوانوں کی خداداداور مخفی صلاحیتوں کو پوری قوم کے سامنے لانے کے لئے ایجوکیشنل ایکسپو ایک اہم سنگ میل ہے۔