کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی آصف جان صدیقی نے کہا ہے کہ تعلیم انسانیت کی معراج ہے علم کا حصول ہی ہمارا بہترین ہتھیار ہے پڑھا لکھا معاشرہ ہی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے علم کے فروغ کے لئے حکومتی اقدامات کے ساتھ سرگرداں نجی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے المصطفیٰ ایجوکیشنل سسٹم شاہ فیصل کالونی کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ تقسیم اسناد وانعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر المصطفیٰ ٹرسٹ کے روح رواں حاجی حنیف طیب اور دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب میں اساتذہ ،والدین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر اسکول کے بچوں نے ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلو بھی پیش کئے۔
ڈپٹی کمشنر کورنگی آصف جان صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ المصطفیٰ انسانیت کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اقدامات کے ساتھ علم کے فروغ کے حوالے سے جو کاوشیں سر انجام دینے کا بیڑا اُٹھا رکھا ہے وہ قابل تحسین ہے انہوں نے ضلعی انتظامیہ کورنگی کی جانب سے فروغ علم میں سرگرداں تمام اداروں سے تعاون کا یقین دلا یا اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر و المصطفیٰ کے روح رواں حاجی حنیف طیب نے کہا کہ المصطفیٰ فلاحی کاموں کے ساتھ بنیادی صحت اور تعلیم کے فروغ کے حوالے تیزی کے ساتھ اپنے منصوبوں پر کام کررہی ہے انہوں نے کہاکہ بچے ہمارے مستقبل کا سرمایا ہیں ان کی تعلیم و تربیت کے ذریعے انہیں معاشرے کا بہترین انسان بنا کر ہم اپنے مستقبل کو تابناک بنا سکتے ہیں تقریب کے اختتام پر تعلیمی میدان میں سالانہ کار کردگی پر بچوں کو اسناد و انعامات سے نوازا گیا۔