لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ نظام تعلیم میں بھیڑ چال کی پالیسی ترک کر یکساں نظام تعلیم متعارف کرانا ہوگا۔26 قسم کے نظام ہائے تعلیم قوم کو دے کر ایک قوم کے دعوے دیوانے کے خواب کے سوا کچھ نہیں ہیں۔
قوم کو نظام تعلیم کے ذریعے رنگ و نسل ، ذات برادری اور اونچ نیچ میں تقسیم کر دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیلنٹ ایوار ڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کا شعبہ صوبوں کے پاس جانے سے پاکستانی نہیں بلکہ سندھی ، پنجابی ، پختون اور بلوچی تیار کئے جا رہے ہیں۔غریب کے بچے مدارس میں جب کہ اراکین پارلیمنٹ کے شہزادے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
پالیسی ساز ادارے قوم کو یکجا کرنے میں بالکل بھی سنجیدہ نظر نہیں آ رہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کا ریفرنڈم قوم کی آواز ثابت ہوگا۔ یکساں نصاب تعلیم اور یکساں نظام تعلیم کے لئے قوم کو ایک پلیٹ فارم جمع کریں گے۔ دس لاکھ نوجوان رضاکاروں کے ذریعے ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ زبیر حفیظ نے کہا کہ عزم عالیشان ہمارا پاکستان اور ایک زباں ، ایک نصاب ،ایک نظام مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے ، قوم اور طلبہ کی اس مہم میں دلچسپی اور ہمارا ساتھ دینا یقینا جمعیت کے لئے قابل فخر ہے۔
دریں اثنا مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل صہیب الدین کاکا خیل نے ریفرنڈم کے انتظامات کا جائزہ لیا اور طلبہ و طالبات کی ریفرنڈم میں دلچسپی دیکھتے ہوئے صوبوں کو مزید بیلٹ پیپرز چھاپنے کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ جمعیت کے زیر اہتمام ریفرنڈم 24نومبر کو ہوگا۔
سید امجد حسین بخاری مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان 0334-5019016