اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن کے ایجوکیشن پروگرام کے بورڈ کا سالانہ جائزہ و منصوبہ بندی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے کی جبکہ الخدمت ایجوکیشن پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر رانا عثمان ودود، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال،جنرل منیجر پروگرامز حماد اختر، ایجوکیشن پروگرام کے سینئر منیجر طیب جان اور دیگر مرکزی ذمہ داران سمیت ملک بھر سے ایجوکیشن پروگرام کے تمام ریجنل ذمہ داران نے بذریعہ ویڈیو لِنک شرکت کی ۔ اجلاس میں الخدمت فاوَنڈیشن کی ملک بھر میں تعلیم کے حوالے سے مکمل و زیرِتکمیل منصوبوں کی سالانہ جائزہ و منصوبہ بندی رپورٹس سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ۔ رانا عثمان ودود نے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں قائم الخدمت سکولوں کی تعداد 50 ہوچکی ہے جہاں مجموعی طور پر 14306 بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔
سڑکوں پر زندگی گزارنے اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں سے رزق تلاش کرنے والے محنت کش بچوں کے لئے 32 چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز قائم کئے جاچکے ہیں جن میں 1367اسٹریٹ چلڈرنز کوابتدائی تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ 344اسٹریٹ چلڈرن ان سنٹرز سے فارغ ہوکر اب مختلف اسکولز میں باقاعدہ داخلہ لے چکے ہیں جبکہ اس سال مزید 200بچوں کو مختلف پرائیویٹ و سرکاری سکولوں میں داخل کروایا جائے گا ۔ انھوں نے بتایا کہ الخدمت کے شعبہ تعلیم کے تحت بچیوں کے لئے اسکلز ڈویلپمنٹ سنٹرز بھی کھولے جائیں گے اور ایسی بچیاں جو کسی وجہ سے اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکیں ان کو میٹرک تک تعلیم مکمل کروانا بھی اس منصوبے کا حصہ ہوگا ۔ اس کے علاوہ جھگیوں میں رہنے والے بچوں کے لئے جھگی سکول کے نام سے اسکولز کا قیام بھی اسی سال عمل میں لایا جائے گا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ دیگر سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی الخدمت فاوَنڈیشن کی نمایاں خدمات ہیں ،الخدمت ملک بھر کے لاکھوں غریب اورمستحق بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔