لاہور (سید عرفان سے) پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے بچہ مزدوروں،آئوٹ آف سکول اور ڈراپ آئوٹ بچوں کے لئے شام کے اوقات میںتعلیمی کلاسز کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غربت کی بنا پر تعلیم سے محروم بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت مہیا کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایجوکیشن ووچر سکیم کے تحت ضرورت مند بچوں کو ان کے گھروں کے نزدیکی پارٹنر سکولوں میںشام کے اوقات میں میٹرک تک مفت تعلیم کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ان طالب علموں کی ماہانہ فیس کے علاوہ نصابی کتب پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن مہیا کرے گی۔ اس حوالے سے ضروری روڈ میپ کے تعین کے لیے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے صدر دفتر میںڈائریکٹر (ایجوکیشن وئوچر سکیم) ملیحہ بتول کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف اضلاع میں فروغ تعلیم کے منصوبوں سے منسلک نو غیر سرکاری فلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی شراکت سے ایوننگ کلاسوں کے منصوبے کے مختلف خدوخال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ملیحہ بتول نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد بچہ مزدوروں اور آئوٹ آف سکول بچوں کو تعلیم کے ذریعے بحال کرنا ہے تا کہ وہ اپنا تعمیری کردار ادا کر سکیں۔