تعلیمی اداروں میں فول پروف سیکورٹی کیلئے درکار تمام تقاضوں میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ سلمان غنی

Meeting

Meeting

قصور( محمد عمران سلفی سے) ڈی سی او قصورسلمان غنی اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کے زیر صدارت ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں فول پروف سیکورٹی کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ سیکورٹی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ، اسسٹنٹ کمشنر قصور وردہ مشہود شورش، اے سی چونیاں شیخ خالد سلیم، اے سی پتوکی محمد نواز گوندل، اے سی کوٹ رادھا کشن سرمد تیمور، ڈی ایس پی سٹی محمد سلیم وڑائچ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہد بٹ، ڈی ایس پی صدر مرزا عارف بیگ، ڈی ایس پی چونیاں قدوس بیگ، ڈی ایس پی پتوکی علی اختر ،ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل برانچ حسن دانیال، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی محمد ارشد، سیکورٹی انچارج اینمل یونیورسٹی پتوکی محمد زاہد ، ای ڈی او ایجو کیشن محمد ذوالفقار علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد زاہد مان ، صدر آل پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن شبیر حسین ہاشمی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ کیٹگری اے پلس اور اے کے تمام پرائیویٹ سکولوں میں فول پروف سیکورٹی کیلئے درکار تمام تقاضوں میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی اور آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق سیکورٹی انتظامات ہمہ وقت مکمل ہونے چاہیں اور اس پر عمل نہ کرنیوالے اداروں کے مالکان ، پرنسپلز اور سیکورٹی انچارجز کیخلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائینگی ۔ڈی سی او سلمان غنی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تا کہ طلباء و طالبات تحفظ کے احساس کیساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں اور سیکورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

اس موقع پر ڈی سی او اور ڈی پی او نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو چیک کریں اور واک تھرو گیٹ ،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ، مقررہ اونچائی پر چار دیواری اور اس پر خاردار تار کی تنصیب ، سکورٹی گارڈز کی تعیناتی اور انکی صحیح جگہوں پر پوزیشن کو چیک کریں اور تعلیمی اداروں کی بسوں میں بھی مناسب سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے ۔ قبل ازیں ڈی سی او اور ڈی پی او نے متعلقہ افسران کے ہمراہ تحصیل قصور میں تعلیمی اداروں میں سیکورٹی اور دیگر انتظامات کو چیک کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

محمد عمران سلفی صدر پریس کلب مصطفی آباد للیانی رجسٹرڈ
0300-0334-7575126