لاہور: معروف کالم نگار، رائٹراورکالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی) کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کوبحران کاشکار کررکھاہے جس کے نتیجے میں عوام مختلف مسائل سے دوچار ہیں مسلسل معاشی استحصالی کے باعث غریب عوام فاقہ کشی پرمجبور ہیں بے روزگاری، تعلیم، علاج معالجہ اوررہائشی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب عام لوگ کامعیار زندگی بدسے بدتر ہوتا جارہا ہے پانامہ لیکس کے ذریعے انکشافات نے حکمرانوں کے دوہرے چہرے کوبے نقاب کردیاہے عوام نام نہاد جمہوری حکمرانوں سے مکمل طورپرمایوس ہوچکے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے مزدوروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوںنے مزید کہاکہ ملک بھرمیں محنت کش عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں اوروہ دن رات محنت کرنے کے باوجود بھی اپنے بچوں کاپیٹ پالنے میں ناکام نظرآتے ہیں
جبکہ معیاری تعلیم اورعلاج معالجہ کی سہولیات بارے توسوچابھی نہیں جاسکتا ایک طرف معاشی استحصال کے ستائے ہوئے غریب عوام ہیں اوردوسری طرف ان پرمسلط حکمران ہیں جوکوئی ترجیح مقررکئے بغیرمیٹروبس، اورنج ٹرین اورموٹروے جیسے منصوبوں کواپنی شناخت بنارہے ہیں حالانکہ ان جیسے منصوبوں کی تکمیل سے غربت کی چکی میں پسنے والے عام لوگوں کی زندگی میں کوئی بہتری نہیں آرہی ہے۔
پاکستان کے ہرمنافع بخش ادارے کوسازش کے تحت پہلے خسارے سے دوچارکیاجاتاہے اور پھر نجکاری کے نام پرحکمرانوں کے چہیتوں کوکوڑی کے بھائو میں فروخت کرکے لوٹ مارکی جارہی ہے ،ایم اے تبسم نے کہاکہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث اندرون ملک اوربیرون ملک پاکستان تبدریج تباہی کی طرف جارہاہے جبکہ سیاسی جماعتیں عوام کودھوکہ دینے میں لگی ہوئی ہیں انہوںنے کہاکہ اگرنام نہاد جمہوری حکمران اپنی عوام دشمن حرکتوں سے بازنہ آئے توعوام اٹھ کھڑے ہونگے اورپھرحکمرانوں کوکہیں بھی پناہ نہیں ملے گی۔