لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں حکومت کی جانب سے تعطیلات کا اعلان قوم میں سراسیمگی اور خوف بڑھانے کا سبب بنے گا۔
اداروں میں تعطیلات کرنے کی بجائے سیکورٹی کو بہتر بنایا جائے۔تعلیمی اداروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کہ بجائے ان میں تعطیلات کرنا حکومت کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے، قوم کو متحد کرکے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں سانحہ پشاور کے شہداء کے لئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ماحول کا جاری رکھنا قوم کو امید کا پیغام دینے کا سبب ہوگا اور دہشت گردوں کے عزائم کو شکست دینے کا سبب بنے گا۔
حکومت تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ واپس لے اور تعلیمی ادارے حسب معمول کھلے رکھے جائیں۔ دانشمندی اور حوصلے سے تعلیمی ماحول کو جاری رکھا جائے۔ قوم پہلے ہی پریشانی اور خوف کا شکار ہے اسے حوصلہ اور امید دی جائے۔