’11 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے‘

 Shafqat Mahmood

Shafqat Mahmood

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہےکہ 11 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔

شفقت محمود نے کہا کہ کورونا کے باعث تعلیم کا بہت نقصان ہوا، مارچ سے ستمبر کے وسط تک تعلیمی ادارے بند رہے اور پھر دوبارہ بند کرنے پڑے لیکن ہم نے مختلف طریقے اپنائے اور تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی نئی قسم بھی آئی ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں اور تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی فیصلہ وزارت صحت کی سفارش پر ہو گا۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 4 جنوری کو وزارت صحت سے ایڈوائس لے کر فیصلہ کریں گے البتہ 11 جنوری کو تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں، اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

شفقت محمود نے کہا کہ یکساں تعلیم نصاب 2021 میں نافذ کریں گے، سرکاری، نجی اور مدارس اسکولوں میں یکساں نظام تعلیم نافذ کریں گے۔

واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے باعث حکومت نے ملک بھر میں 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند کر دیے جنہیں صورتحال کا جائزہ لے کر 11 جنوری سے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔