لاہور: دہشت گرد نوجوان نسل کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی علم دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔چار سدہ میں باچاخان یونیورسٹی پر حملہ کرکے اساتذہ ،طلبا اور سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے دہشت گردوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کا اسلام ،امن اور علم سے کو ئی تعلق نہیں ہے۔پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج سمیت تمام سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہارکالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی) کے مرکزی صدر و انٹرنیشنل پاور آف جرنلسٹ (آئی پی اوجے) کے مرکزی ڈپٹی چیئرمین ایم اے تبسم نے باچاخاں یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملہ کے سلسلے میں یوم سوگ مناتے ہوئے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعدباچاخان یونیورسٹی پر دہشت گردی میں جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں جنھیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔دہشت گرد تعلیمی اداروں کو نشانہ بناکر ہماری نوجوان نسل کو علم سے دور رکھناچاہتے ہیں تاکہ یہاں سے فارغ اتحصیل طلباو طالبات ،انجینئرز، ڈاکٹرز، دانش ور، ادیب ،شاعربن کر ملک و قوم کی خدمت نہ کر سکیں ۔لیکن نوجوان نسل اور پوری قوم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دہشت گردوں کی مذموم کاروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے یکسو ہیں۔
ایم اے تبسم نے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی بروقت کاروائی کو بھی سراہا ۔ انہوں نے شہدا ء کے لواحقین کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔اس موقع پر شہدا ء کے لئے دعا کی گئی اوران کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔