پاکستان (APNAانٹرنیشنل/انجم بلوچستانی) لاہور بیورو کے مطابق گزشتہ دنوںحاجی شریف ایجوکیشنل اینڈلٹریری اکیڈمی جرمنی کی طرف سے معروف نثر نگار ، شاعرہ اور ماہر تعلیم فاطمہ رضوی کواکیڈمی کا ڈائر یکٹر سوشل ریلیشن لاہور مقرر کیا گیا،جن کاتعلق بنیادی طور پر آزادکشمیر سے ہے ۔انہوں نے ضلع میر پور سے میٹرک، بی ایس سی آنرز اور ایم اے اردو ادب کی ڈگری حا صل کی ۔ تاہم شادی کے بعد وہ مکمل طور پر لاہور کی ہو کر رہ گئیں۔
وہاں سے وہ اپنی فیملی کے ہمراہ امریکہ گئیں،جہاں انہوں نے ایجوکیشن میں ڈگری حاصل کی۔وہ کچھ عرصہ امریکہ کے مشہور شہرلا س اینجلس میں درس و تدریس کی ذمہ داریا ںادا کرنے کے بعد لاہور واپس آگئیں۔ وہ متعد د مشاعروں میںشرکت کر کے عوامی ، سماجی اور علمی حلقوں سے دادوتحسین حاصل کرچکی ہیں۔ان کا کلام ،ناول اور افسانے ملک کے معروف اخبارات اور رسائل و جرائد میں شائع ہو ئے۔درس و تدریس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد سے شائع ہونے والے میگزین ”راوبط”انٹر نیشنل میں بطور بیورو چیف لاہو ر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔
وہ ٹی وی کے لئے اسکرپٹ رائٹر کے طور پر بھی جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ جبکہ ریڈیو پاکستان کے لئے بھی آپ نے کئی ڈرامے لکھے اور کوئز پروگرامز میں میزبانی کے فرائض سر انجام دیئے۔ فاطمہ رضوی کو ان کی علمی ، ادبی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں مختلف اداروں اور تنظیمات کی جانب سے متعدد ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس مل چکے ہیں۔ ریڈیو اور ٹی وی ایوارڈز کے علاوہ ،شریف اکیڈمی جرمنی کی جانب سے ”شیلڈ آف آنر” ، بی ایم نیوز کی جانب سے ایوارڈ اورکئی امریکن اداروں کی جانب سے ایوارڈز اور اسناد حاصل کرچکی ہیں۔ فاطمہ رضوی کی شاعری ”صدائیں” کے نام سے کتاب کی صورت میں جلد ہی شریف اکیڈمی جرمنی کے زیر اہتما م شائع ہوکر منصہء شہود پر آ رہی ہے۔
علم وادب کے فروغ میںان کی خدمات اور شریف اکیڈمی جرمنی میں ان کی دلچسپی کے پیش نظر اکیڈمی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹئو شفیق مراد نے فاطمہ رضوی کو شریف اکیڈمی جرمنی کی جانب سے ڈائریکٹرسوشل ریلیشن لاہور مقرر کیاہے اور امید ظاہرکی ہے کہ ان کی شمولیت سے لاہور میںعلم و ادب کے فروغ کے سلسلے میں اکیڈمی کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ شریف اکیڈمی جرمنی کے ڈائریکٹر پاکستان ولایت احمدفاروقی نے فاطمہ رضوی کو خوش آمدید کہتے ہوئے مبارکباد ی اور کہا کہ” فاطمہ رضوی کے علم اور تجربہ کی روشنی میں اکیڈمی مزید بہتر خدمات سر انجا م دے گی۔”
اس تقرری پرچیف ایگزیکٹئو اپنا انٹرنیشنل ،عالمی سربراہ بین الاقوامی اردو مرکز شکیل چغتائی نے فاطمہ رضوی، شفیق مراد اور ولایت فاروقی کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ”فروغ علم و ادب کے لئے شریف اکیڈمی کی کاوشیں قابل قدر اورلائق تحسین ہیں۔فاطمہ رضوی کی شمولیت اور بطور ڈائریکٹر سوشل ریلیشن، لاہور تقرری پرآپ سب اور اراکین اکیڈمی مبارکباد کے مستحق ہیں۔”