کراچی (جیوڈیسک) گلیمر اور چکاچوند سے ہٹ کر حقیقی زندگی کی عکاسی کرتے ڈرامے ناظرین کی ترجیح بن گئے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ جیوٹی وی سے آن ائیر ہونے والا نیا ڈرامہ ’نور زندگی‘ فوراً ہی ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی پیشکش اور سراج الحق کا ڈائریکٹ کردہ ’نور زندگی‘ ایک خوبصورت پڑھی لکھی اور فراخدل لڑکی کی کہانی ہے جو بدترین حالات میں بھی مایوس ہونے کے بجائے حالات کو سدھارنے کی کوشش کرتی ہے۔
بدقسمتی سے نور کی شادی ایک ان پڑھ، بددماغ اور عورت کی عزت نہ کرنے اور اسے اہمیت نہ دینے والے شخص کے ساتھ کردی جاتی ہے جو نور کے مخلصانہ رویے اور قربانیوں کی قدر کرنے کے بجائے اپنے خراب رویے سے الٹا زندگی اس کے لئے مشکل بنا دیتا ہے۔
پبلسٹی فرم ایونزا پی آر اینڈ ایونٹس کی کور آرڈینیٹر فاکیہہ اسلم نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ ڈرامے کے مرکزی کردار کو منجھے ہوئے انداز میں ادا کرنے پر عائشہ خان کو پذیرائی مل رہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’عائشہ خان کے فینز نے اپنی پسندیدہ اداکارہ کو ایک بار پھر ایک نئے اور مختلف کردار میں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔‘‘
’میرے چارہ گر‘، ’بس چپ رہو‘، ’چارچاند‘، ’میری ادھوری محبت‘ اور ’دل عشق‘ عائشہ خان کے کامیاب ڈرامے ہیں۔