گلوکار سجاد علی شاعر بن گئے، پہلا مجموعہ مکمل کر لیا

Sajjad Ali

Sajjad Ali

کراچی (جیوڈیسک) گلوکار سجاد علی نے گائیکی کے ساتھ شاعری کے میدان میں قدم رکھ دیا، انھوں نے گزشتہ دنوں گیتوں اور غزلوں پر مبنی پہلا شعری مجموعہ مکمل کرلیا جو آئندہ ماہ شائع ہوجائے گا۔

اس شعری مجموعہ میں ان کے وہ تمام گیت اور غزلیں شامل ہیں جو انھوں نے اپنے 35 سالہ کیرئیر میں گائے ہیں، جب کہ اس میں وہ گیت بھی شامل ہیں جو دیگر گلوکاروں نے بھی گائے ہیں۔

گلوکار سجاد علی نے کہا کہ مجھے اپنے گانے لکھنا اور اسے کمپوز کرنا بہت اچھا لگتا ہے اچھی موسیقی اور شاعری میری کمزوری رہی ہے میری ہمیشہ کوشش رہی کہ میں ایسے گیتوں کا انتخاب کروں جو عوام کی پسند کے مطابق ہوں اور انھیں سن کر اچھا لگے۔

ہمارے ملک میں موسیقی کے شعبہ میں بہت اچھا کام ہوا لیکن آج میوزک انڈسٹری بحران سے گزر رہی ہے جس طرح فلم انڈسٹری کی بحالی اور فروغ کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں اگر میوزک انڈسٹری کی ترقی اور بحالی کے لیے بھی کوشش کی جائے تو ہم ایک بار دنیا بھر میں اچھی موسیقی کے حوالے سے پہچانے جائیں گے۔