قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کے نومنتخب صدر عبدالفتاح السیسی نے قاہرہ کے التحریر اسکوائر میں بعض اوباشوں کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کی اسپتال میں عیادت کی اور اس افسوسناک واقعہ پر ذاتی طور پر معذرت کی، خاتون کو صدر السیسی کی حلف برداری کے موقع پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
صدر السیسی نے خاتون سے کہا کہ میں آپ سے اور ہر مصری خاتون سے معذرت کیلئے یہاں آیا ہوں اور میں ہر مصری خاتون سے معافی مانگتا ہوں، ملک میں خواتین پر ہونے والے جنسی حملوں کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں عدلیہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ مصری خواتین کی عزت کو سڑکوں پر تار تار کیا جا رہا ہے اور یہ قابل قبول نہیں ہے خواہ ایسا ایک ہی واقعہ کیوں نہ پیش آئے، انہوں نےایسے واقعات سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کی۔