مصر : عدلی منصور نے بطور عبوری صدر حلف اٹھا لیا

Egypt

Egypt

مصر (جیوڈیسک) میں آئینی عدالت کے چیف جسٹس عدلی منصور نے نئے عبوری صدر کا حلف اٹھا لیا۔ محمد مرسی کو معزولی کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ قاہرہ عدلی منصوری نےآج آئینی عدالت کے سربراہ کا حلف اٹھایا جس کے بعد ان کی عبوری صدر کی تقریب حلف برداری ہوئی۔ عدلی منصور اب مصر کے نئے عبوری صدر بن گئے ہیں۔ فوج کے کمانڈر اِن چیف عبدالفتح السیسی نے سرکاری ٹی وی پر ملک میں مرسی حکومت کی معطلی کا اعلان کیا تھا۔

اعلان کے بعد صدر محمد مرسی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ مرسی حکومت کے خاتمے کے بعد ان کے ہزاروں مخالفین سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔ مصر کے مختلف شہروں میں فوج کی بھاری نفری سڑکوں پر گشت کر رہی ہے۔

دوسری طرف صدر مرسی کے حامیوں اور سیکیورٹی فورسز میں جھڑپیں بھی ہوئیں جس میں سولہ افراد ہلاک ہو گئے۔ مصر کے تحریر سکوائر پر اب بھی ہزاروں افراد موجود ہیں۔ مرسی 30 جون 2012 کو انتخاب میں کامیابی کے بعد مصر کے صدر بنے تھے۔ ان کی صدارت کا پہلا سال سیاسی بے چینی اور معاشی ابتری کی زد میں رہا۔