مصر (جیوڈیسک) مصر کے علاقے جزیرہ نما سینا میں ایک پولیس چوکی پر ہونے والے کار بم دھماکے میں آٹھ مصری فوجی ہلاک ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ شمالی جزیرہ نما سینا میں جمعرات کو ہوا اور اس واقعہ میں کم ازکم 12 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے جب کہ تین عسکریت پسند بھی مارے گئے۔
مصر کی فوج کے ترجمان محمد سمیر نے اپنے سرکاری فیس بک صفحے پر جاری ایک بیان میں کہا کہ عسکریت پسندوں نے شورش زدہ العریش شہر میں ایک بکتر بند گاڑی کو بھی تباہ کر دیا۔
کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں ہے۔ مصر کی فوجی 2013 سے جزیرہ نما سینا میں عسکریت پسندوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔
2013 میں فوج کے اس وقت کے سربراہ اور موجودہ صدر عبدالفتاح السیسی نے، محمد مرسی کو اس وقت اقتدار سے ہٹا دیا جب ان کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہوئے۔ محمد مرسی کو اقتدار سے ہٹانے جانے کے بعد ان کی جماعت اخوان المسلمیں کے خلاف بھی پابندی عائد کر دی گئی۔