مصر: سابق وزیرِ داخلہ حبیب العدلی بدعنوانی مقدمے سے بری

Habib al-Adeli

Habib al-Adeli

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کی ایک عدالت نے ملک کے سابق وزیرِ داخلہ حبیب العدلی کو بدعنوانی اور غیر قانونی طور پر ملک سے باہر پیسہ لانے یا لے جانے کے جرم میں بری کر دیا ہے۔

حبیب العدلی مصر کی سکیورٹی سروسز کے سربراہ تھے اور سابق صدر حسنی مبارک کی حکومت کے ایک اہم رکن مانے جاتے تھے۔ مصر کے سابق وزیر کو 2011ء میں 12 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم عدالت نے انہیں اس مقدمے سے بری کر دیا لیکن نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ حبیب العدلی ابھی جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ انھیں ایک مقدمے میں سزا ہو چکی ہے جبکہ دیگر مقدمات میں انھیں الزامات کا سامنا ہے۔

حبیب العدلی کو 2012ء میں حسنی مبارک کے ہمراہ مظاہرین کو ہلاک کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا دی گئی تھی۔ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے وہ سزا پلٹ دی گئی تھی۔ مصر کی ایک عدالت نے رواں برس مئی میں سابق صدر حسنی مبارک کو بدعنوانی کے ایک مقدمے میں قصور وار پائے جانے پر تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے ان کے دو بیٹوں اعلیٰ اور کمال کو بھی قصور وار پاتے ہوئے چار چار سال جیل کی سزا سنائی تھی۔