قاہرہ (جیوڈیسک) قاہرہ میں سابق صدر مرسی کے حامی اور مخالفین بڑے مظاہرے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور سابق صدر مرسی کے حامیوں کو توقع ہے کہ ان کی بحالی کے لیے ہونے والے مظاہروں میں لاکھوں افراد شامل ہوں گے۔ اخوان المسلمین کے حامی گزشتہ ہفتے سے قاہرہ کے مشرقی حصے میں واقع ایک مسجد اور اس کے گردونواح میں موجود ہیں جبکہ صدر مرسی کے مخالفین کا مرکز دارالحکومت کا تحریر سکوائر ہے۔
صدر مرسی کی معزولی کے بعد ہونے والے مظاہروں میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ قاہرہ میں برطانوی نشریاتی ادارے کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اخوان المسلمین کی تحریک نے مصر کو منقسم کر دیا ہے لیکن مصر کے لوگ سیاست میں فوج کی مداخلت پر عدم اطمینان کا شکار ہیں۔
امریکہ نے مصر کی قیادت سے کہا ہے کہ وہ اخوان المسلمین کے ارکان کی اندھا دھند گرفتاریاں روک دے اور کسی بھی ایک گروہ کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ وائٹ ہاس کے ترجمان جے کارنی نے کہا کہ اگر آپ کا مقصد سب عناصر کو شامل کرنا ہے تو آپ اپنے خلاف ہی کام رہے ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی کسی ایک جماعت کو علیحدہ کرنے کے خلاف خبردار کیا ہے۔
مصر کے وزیرِ خارجہ کامل امر سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے بان کی مون کا کہنا تھا کہ مصر میں کسی بھی بڑی پارٹی کے نکالنے جانے یا اس سے انتقام لیے جانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گرفتاریاں مصری فوج کی جانب سے تمام عناصر کی شرکت کو یقینی بنانے کی امریکہ کو دی گئی یقین دھانیوں کی خلاف ورزی ہیں۔
اس سے پہلے صدر مرسی کی اسلام پسند جماعت اخوان المسلمین نے فوج کی جانب سے صدر محمد مرسی کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے عمل کے خلاف پرامن جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ محمد مرسی کو تین جولائی کو ان کے اقتدار کے پہلے برس کی تکمیل پر ملک میں لاکھوں افراد کے مظاہروں کے بعد فوج نے اقتدار سے الگ کر دیا تھا۔
اخوان المسلمین کی جانب سے جمعرات کو اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم آئینی جمہوریت کے خلاف فوج کی خونی بغاوت کے خلاف اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ عوام کی پرامن اور مقبول خواہش طاقت اور تشدد پر فتح حاصل کرے گی۔
مصر کی موجودہ حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کے سابق صدر محمد مرسی کو گرفتار کرنے کے بعد محفوظ مقام پر رکھا گیا ہے۔ مصر میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان بدر عبدالعطی نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں بتایا کہ انھیں یہ معلوم ہے کہ صدر مرسی کہاں ہیں لیکن صدر مرسی کو بہت باعزت طریقے سے رکھا گیا ہے۔