قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کے سابق صدر محمد مُرسی کی رہائی اورعدالت کی طرف سے سزائے موت سنائے جانے کے خلاف برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ 10ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔
مصر کی پیس اینڈ جسٹس پارٹی کی لندن شاخ نے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر بڑے مظاہرے کا اہتمام کیا جس میں مصر کے سابق صدر محمد مُرسی جنہیں ایک عدالت نے سزائے موت دی ہے کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے محمد مرسی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔
پیس اینڈ جسٹس پارٹی کے رہنما نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنرل السیسی نے منتخب حکومت کو گرا کر فوجی حکومت قائم کی ہے اور دس ہزار سے زائد افراد کو شہید کر دیا ہے ۔ برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کرنے سے مظاہرین کے مطالبات حل ہوں یا نہ ہوں لیکن یہ بات ضرور ہے کہ ان کے مطالبے پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ضرور بن جاتے ہیں۔