مصر (جیوڈیسک) مصر میں جمہوریت کے متوالوں کو حکومت پابہ زنجیر نہ کر سکی۔ مصر جگہ جگہ عوام کے نعروں سے گونج اٹھا۔ کئی شہروں میں سابق صدر محمد مرسی کی حکومت کی بحالی کے حق میں مظاہرے ہورہے ہیں۔ فوج کے ساتھ جھڑپوں میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ مصر میں عوام نے اخوان المسلمون کو دیوار سے لگانے کی تمام ترحکومتی کوششیں ناکام بنا دیں۔
رپورٹ کے مطابق اخوان المسلمون کو کالعدم قرار دینے کے باوجود، کئی شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مصری ذرائع کے مطابق چودہ اگست کے قتل عام کے بعد آج اخوان نے مصر کی سڑکوں پر بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدارتی محل اور وزارت دفاع کی عمارت کی جانب مارچ کیا۔
دوسری طرف عبوری حکومت نے مظاہروں کو روکنے کے لئے جمعہ کی نماز سے قبل ہی قاہرہ کے التحریر اسکوئر اور میدان رابعہ العدویہ سمیت دیگر اہم سرکاری عمارات کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردئے تھے۔ سیکیورٹی فورسسز نے مظاہرین کو روکنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور فائرنگ کی۔ جس کے باعث چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔