مصری فوج معزول صدر محمد مرسی کو رہا کرے : اقوام متحدہ کا مطالبہ

Secretary General Ban

Secretary General Ban

مصر (جیوڈیسک) اقوام متحدہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے مصری فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی اور اخوان المسلمون کے دیگر رہنماوں کو رہا کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد مرسی اور ان کی جماعت کے اعلی رہنماوں کو رہا کیا جائے یا ان کے خلاف مقدمات پر شفاف انداز میں کارروائی کی جائے۔

بان کی مون کا کہنا ہے کہ مصر میں تمام فریق ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسائل کو مذاکرات سے حل کیا جائے۔ بان کی مون نے مطالبہ کیا کہ مصر کی عبوری حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرے اور ملک میں سویلین حکومت اور جمہوریت کی مکمل بحالی کی راہ ہموار کی جائے۔

دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے کہ مرسی حکومت کا تختہ الٹے جانے کو فوجی بغاوت قرار دینے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ امریکی ارکان کانگریس کو بریفنگ دیتے ہوئے نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت مرسی کی معزولی کو بغاوت قرار دینے کی پابند نہیں۔