مصر : اخوان المسلموں کے مرشد عام سمیت 36 رہنماؤں کو عمر قید

Egypt

Egypt

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع سمیت 36 رہنماؤں کو عمر قید کی سزا سنا دی، مرشد عام محمد بدیع کو پہلے دو مختلف مقدمات میں سزائے موت بھی سنائی جا چکی ہے۔

عدالت نے دس کارکنوں کو سزائے موت بھی سنائی، ان تمام افراد پر پرتشدد مظاہروں میں شریک ہونے کا الزام تھا۔ اخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع کو فوجی حکومت نے گزشتہ برس اگست میں ہزاروں رہنماؤں اور کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا تھا۔

گرفتاری سے دو روز قبل محمد بدیع کے جوان بیٹے کو فوج نے کریک ڈاؤن میں قتل کر دیا تھا، یہ کریک ڈاؤن صدر محمد مرسی کی معزولی کے خلاف رابعہ العدویہ سکوائرمیں دھرنا دینے والے ہزاروں کارکنوں کے خلاف کیا گیا تھا جس میں پانچ ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

محمد مرسی کی حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کے بعد مصری عدالتیں سینکڑوں کارکنوں اور رہنماؤں کو سزائے موت سنا چکی ہیں۔تین جولائی کو محمد مرسی کی معزولی کا ایک سال مکمل ہونے پر اخوانی کارکنوں نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا ہے گزشتہ روز بھی محمد مرسی کے حامیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، سکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپوں کے نتیجے میں 22 افراد زخمی ہو گئے۔