مصر کے 5 رکنی وفد کی پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سیکرٹری سے ملاقات

TDAP

TDAP

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سیکریٹری رابعہ جویری آغا نے ڈائریکٹر اینیمل کورنٹائن کے ہمراہ مصر کے پانچ رکنی اینیمل کورنٹائن انسپکٹرز اور ڈاکٹرز کے وفد سے بروز پیر کراچی میں ملاقات کی۔

سیکریٹری (ٹی ڈی اے پی) نے وفد کو پاکستان سے مویشیوں سے حاصل ہونے والے گوشت کی برآمدات کے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی جس میں جراثیم، امراض سے پاک عالمی معیار کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان سے برآمد کرنے والے ممالک میں مشرق وسطی سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، قطر، امان اور ویت نام سرفہرست ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سلاٹر ہاؤسز میں مویشیوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق جراثیم سے پاک صوبائی اور وفاقی حکومت کی سخت قوانین کے مطابق ذبح کیا جاتا ہے جو غذا کے لحاظ سے موزوں ہیں۔

مصر سے آنے والے وفد نے ٹی ڈی اے پی کے لائحہ عمل پر اطمنان کا اظہار کیا جو کہ پاکستان میں موجود سلاٹر ہاﺅسزز کا دورہ کرنے کے بعد موجودہ نظام کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرکے گوشت کی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کا تعین کرے گا۔

سیکریٹری پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے آخر میں وفد کا شکریہ ادا کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان مصر کی منڈیوں میں گوشت کی مصنوعات برآمد کرنے کا خواہاں ہے جو دونوں ممالک میں مشترکہ تجارت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گا۔