قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کے دارلحکومت قاہرہ میں مسلح افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کر کے افسر سمیت 8 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں نامعلوم افراد نے پولیس وین پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے افسر سمیت 8 اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ مصر کی وزارت داخلہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دارالحکومت کے جنوبی شہر حلوان میں پولیس اہل کار وین میں معمول کے گشت پر تھے کہ ایک گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے ان کا راستہ روکا اور پھر4 افراد نے خودکار ہتھیاروں سےاندھادھند فائرنگ کر دی۔ حملے میں ایک افسر سمیت 8 پولیس اہل کار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
سیکورٹی اداروں نے واقعے میں ملوث ملزمان کو پکڑنے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم اب تک واقعے کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔