مصر (جیوڈیسک) رمضان کے آغاز نے ہی مصر میں صدر مرسی کی بحالی کے مظاہروں میں شدت پیدا کردی۔ مرسی کے حامی صدارتی محل کی جانب پیش قدمی میں پر عزم دکھائی دیئے۔ رمضان کے آغاز میں صدر محمد مرسی کے حامی پر عزم انداز سے مظاہرے کر رہے ہیں۔ شدید گرمی اور حبس بھی مرسی کے حامیوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔
صدر محمد مرسی کے ہزاروں حامی صدارتی محل اور دارالحکومت قاہرہ کے مشہور تحریر اسکوئر کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ فوج نے صدارتی محل کی جانب جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا ہے لیکن اس بار مظاہرین خاصے پرجوش مگر پر امن انداز سے صدارتی محل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے تحریراسکوئر کو گھیر رکھا ہے۔ مظاہرین تحریر اسکوئر تک پہنچنے کے لئے پولیس کی چیک پوسٹوں کو عبور کرنے میں سرگرم ہیں۔ اخوان کا کہنا ہے کہ جمہوری جدوجہد کی بقا اور سلامتی کے لئے ہر بستی ہی ڈیرا ہے لہذا آخری منزل پر ہی جمہوریت کے دیوانوں کا پڑا ہوگا۔ اخوان نے فوجی بغاوت کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کردیا ہے۔