مصر : صدر مرسی کے حق میں ہزاروں کارکنوں کی ریلی

Egypt

Egypt

مصر (جیوڈیسک) میں صدر مرسی کے حامی ہزاروں کارکنان نے دارالحکومت قاہرہ میں صدر محمد مرسی کے حق میں ریلی نکالی۔ دوسری جانب وزارت دفاع کے دفتر کے باہر حزب اختلاف کے سیکڑوں حامیوں نے بھی مظاہرہ کیا۔ شرکا نے مصری صدر کی تصاویر اور قومی پرچم کے علاوہ بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ عوام کی رائے کا احترام کیا جائے۔ مظاہرے میں شریک ایک بائیس سالہ نوجوان جابر نادر کا کہنا تھا کہ لوگ ایک قانونی نظام کے خلاف بغاوت کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر مرسی دنیا کی دوسری ریاستوں کی طرح آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے نتیجے میں صدر منتخب ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق قاہرہ میں ہی واقع وزارت دفاع کے دفتر کے باہر حزب اختلاف کے سیکڑوں حامیوں نے بھی مظاہرہ کیا۔ جس میں مظاہرین صدر مرسی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

صدر مرسی کی جانب سے اسلامی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو صوبائی گورنرز تقرر کئے جانے کے بعد سے ان کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان کشیدگی پائی جارہی ہے اور تازہ جھڑپوں میں کم سے کم سو افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ مرسی کے مخالفین نے ان کے خلاف تیس جون کو انکے اقتدار کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے۔