مصر (اصل میڈیا ڈیسک) مصر اور قطر کے درمیان جون 2017ء کے بعد فضائی روابط بحال ہو گئے ہیں اور سوموار کو دوحہ سے پہلی پرواز قاہرہ کے لیے روانہ ہوئی ہے۔
مصرائیر کی پہلی پرواز دوحہ سے قاہرہ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔اس کے بعد قطرائیرویز کی پرواز بھی قاہرہ کے لیے روانہ ہونے والی تھی۔خلیجی ممالک کے ساتھ تنازع کے خاتمے کے بعد یو اے ای اور قطر کے درمیان بھی فضائی ٹرانسپورٹ بحال ہوگئی ہے اور آج امارت شارجہ سے پرواز دوحہ پہنچنے والی تھی۔
مصر نے سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے جون 2017ء میں قطرسے ہرقسم کے تعلقات منقطع کر لیے تھے۔انھوں نے قطر پرایران کی قُربت اختیار کرنے اور انتہاپسند گروپوں کی معاونت کا الزام عاید کیا تھا جبکہ قطر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔
ان چاروں ممالک نے پانچ جنوری کو سعودی عرب کے تاریخی شہر العلاء میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سالانہ سربراہ اجلاس کے موقع پر قطر سے تعلقات بحال کرنے سے اتفاق کیا تھا۔
قطر میں قریباً تین لاکھ مصری مقیم ہیں۔ان میں سے بیشتر مصری تارکینِ وطن قطر کے ساتھ جاری بحران کے دوران میں اپنے آبائی وطن نہیں جاسکے تھے۔مئی 2020ء میں مصری تارکینِ وطن نے قاہرہ میں اپنے ملک کے سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔اس کے بعد ان مصریوں کی وطن واپسی کے لیے براستہ عُمان 18 پروازیں چلائی گئی تھیں۔