قاہرہ (اصل میڈیا ڈیسک) مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے کہا ہے کہ کسی کو مصر کے آبی وسائل کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ النہضہ ڈیم پر مذاکرات میں ایتھوپیا کی ہٹ دھرمی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بے چینی کے بعد سلامتی کونسل کا حرکت میں آنا خوش آئند ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ النہضہ ڈیم کا معاملہ 10 کروڑ مصری عوام کی سلامتی کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ دریائے نیل پر ایتھوپیا کی جانب سے ڈیم کی تعمیر مصر کے آبی وسائل کو خطرے میں ڈال کرکروڑوں لوگوں کو پانی سے محروم کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصر ایتھوپیا کے عوام کی ترقی کے اہداف کے حصول کا حامی ہے۔ مگر ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ ایتھوپیا کے لیے النہضہ ڈیم کی تعمیر بجلی پیدا کرنے کا ایک بڑا منصوبہ ہوسکتا ہے مگر اس کے نتیجےمیں مصر اور سوڈان کے کروڑوں لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔
سامح شکری کا کہنا تھا کہ دریائے نیل پر کسی ایک ملک کی اجارہ داری قائم نہیں ہوسکتی۔ کسی ایک فریق کو یک طرفہ طور پر دریا پر ڈیم کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سامح شکری نے النہضہ ڈیم کے معاملے کوسلامتی کونسل کے فورم پر اٹھانے پر کونسل کا شکریہ ادا کیا۔ سلامتی کونسل نے النہضہ ڈیم کے تنازع پر اجلاس منعقد کر کے خطے کے ایک بڑے اوراہم ترین حل طلب مسئلے کے حوالے سے بیداری کا ثبوت دیا ہے۔