مصر: طیب اردگان کے متنازعہ ریمارکس پر ترک سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، سخت احتجاج

Tayyip Erdogan

Tayyip Erdogan

انقرہ (جیوڈیسک) مصر اور ترکی فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے مظالم بند کرانے میں تو ناکام رہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان غزہ کے معاملے پر جاری نوک جھونک نے دوطرفہ سفارتی کشیدگی میں اضافہ ضرور کیا ہے۔

مصری حکومت نے ترک وزیر اعظم رجب طیب اردگان کے صدر عبد الفتاح السیسی کے بارے میں متنازعہ ریمارکس پر قاہرہ میں متعین قائم مقام ترک سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا ہے۔ قبل ازیں ترک وزیر اعظم رجب طیب اردگان نے ایک انٹرویو میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو “ظالم” قرار دینے کے اپنے بیان کا دفاع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مصری حکومت غزہ کے بحران کے حل میں سنجیدہ نہیں اور قاہرہ کا موقف اسرائیلی حمایت پر مبنی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اردگان کی جانب سے صدر عبدالفتاح السیسی کی ‘شان’ میں گستاخانہ بیانات پر قاہرہ حکومت کو سخت افسوس ہے۔ انہوں نے صدر السیسی کے بارے میں ‘بے سرو پا’ الزام تراشی کی ہے۔