مصر: سیاحت کی صنعت استحکام کی جانب گامزن

Miser

Miser

مصر میں سیاحتی صنعت کو ملک کا اہم معاشی ستون سمجھا جاتا ہے۔ سن دو ہزار بارہ کے دوران ملک میں سیاحوں کی آمد میں گذشتہ سال کی بہ نسبت سترہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مصر میں سیاسی بحران سے قبل دو ہزار دس میں ایک کڑور سنتالیس لاکھ سیاحوں نے مصر کا دورہ کیا جس سے بارہ اعشاریہ پانچ بلین ڈالرز کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔

دو ہزار گیارہ میں یہ تعداد کم ہو کر اٹھانوے لاکھ سیاح تک پہنچ گئی اور حاصل کردہ کل آمدن آٹھ اعشاریہ آٹھ بلین ڈالرز رہی۔ حالیہ مصری انقلاب کے بعد دو ہزار بارہ میں ایک کڑور پندرہ لاکھ سیاح مصر آئے جبکہ رواں سال چھ ماہ کے دوران ابتک تیس لاکھ سیاح مصر آچکے ہیں۔

مصری وزیرِ سیاحت ہشام زازو کے مطابق جنوری دوہزار گیارہ میں سابق صدر حسنی مبارک کیخلاف احتجاجی تحریک اور انکی اقتدار سے رخصتی کے بعد سیاسی بحران کے سبب مصر کی سیاحتی صنعت کو خاصا نقصان اٹھانا پڑا اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں نمایاں کمی آئی۔

تاہم مصری سیاحت سیاسی بحران کے اثرات سے نکلنے کے بعد ایک بار پھر ملکی معیشت کو اربوں ڈالرز کی آمدنی دینے والی وزارت بننے کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے برطانوی جریدے کی اس رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا جس کے مطابق مصر میں حالیہ انقلاب اورن نئی حکومت کی تشکیل کے بعد سیاحتی صنعت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔