مصر (اصل میڈیا ڈیسک) مصر کی گورنری القلیوبیہ میں ایک مسافر ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اترکرالٹ گئی ہیں جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور کم سے کم 100 زخمی ہوگئے ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والی مسافر ٹرین دارالحکومت قاہرہ سے ساحلی شہر المنصورہ جارہی تھی۔عینی شاہدین نے العربیہ کو بتایا ہے کہ حادثے کے بعد بہت سے مسافر بوگیوں میں پھنس کررہ گئے تھے۔
قلیوبیہ کے گورنر کا کہنا ہے کہ اتوار کو یہ حادثہ قاہرہ سے شمال میں واقع بنہا شہر کے نزدیک طوخ میں پیش آیا ہے۔انھوں نے ٹرین کی آٹھ بوگیوں کے پٹڑی سے اترنے کی اطلاع دی ہے۔ حادثے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی تھیں اور وزارت صحت نے جائے حادثہ پر کم سے کم پچاس ایمبولینس گاڑیاں روانہ کی تھیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد حکام نے اس ٹرین کے ڈرائیور ،اس کے معاون اور آٹھ دیگر افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔مصر کے پراسیکیوٹر جنرل اور محکمہ ریلوے نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
مصر میں گذشتہ ایک ہفتے میں ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔گذشتہ ہفتے منیا القمح میں ایک ریل گاڑی پٹڑی سے اتر گئی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
جنوبی صوبہ سوہاج میں 26 مارچ کوایک خوف ناک حادثہ پیش آیا تھا اور دو مسافر ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 185 زخمی ہوگئے تھے۔دونوں مسافرٹرینیں قاہرہ سے 440 کلومیٹر جنوب میں سوہاج شہر کے نزدیک واقع قصبہ طہطا میں آپس میں ٹکرائی تھیں اور ان کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیر اعظم مصطفی المدبولی کو ٹرین کے اس حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔
مصری وزیراعظم نے محکمہ جاتی کنٹرول بورڈ، مصری افواج کی انجینیئرنگ کونسل، آرمی ٹیکنیکل کالج اور انجینیئرنگ کے کالجوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔
مصری وزیر اعظم نے اعلیٰ تعلیم اور صحت کے وزرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہسپتالوں میں زخمیوں کے علاج کی نگرانی کریں اور انھیں تمام سہولت فراہم کریں۔ سماجی کفالت کی وزیر کو ٹرین حادثے کے متاثرین کو معاوضے دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے مصر میں ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔سعودی عرب نے بیان میں ہلاک ہونے والوں کے عزیزوں، مصری قیادت، حکومت اور عوام سے تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی فوری صحت یابی کی دعا کی ہے۔