قاہرہ (جیوڈیسک) مصر میں حکومت نے سابق صدر حسنی مبارک کی سیاسی جماعت کے صدر دفتر کی عمارتوں کو مسمار کرنا شروع کردیا ہے۔
عرب ویب سائیٹ کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں التحریر اسکوائر کے قریب دریائے نیل کے کنارے حسنی مبارک کی جماعت نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی دفاتر کو سابق صدر کے خلاف احتجاجی تحریک کے دوران نذر آتش کردیا گیا تھا تاہم دو ماہ قبل حکومت نے انہیں مسمار کرنے کا حکم دیا تھا
ان عمارتوں کو گرائے جانے کے بعد زمین قریب واقع ایک عجائب گھر کو الاٹ کردی جائے گی۔ واضح رہے کہ حسنی مبارک کی جماعت نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کو 2011 میں تحلیل اور اس کے سارے اثاثے منجمد کر دیے گئے تھے۔