مصر میں عبوری حکومت کے حکم کے باوجود فوجی بغاوت کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ مصری فوج نے اقتدار پر قبضہ نہیں کیا بلکہ جمہوریت کی بحالی کیلئے اقدام کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ مصری فوج نے مرسی کو اقتدار سے الگ کر کے ایک سویلین عبوری حکومت قائم کی ہے اور آئندہ برس انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ اوباما انتظامیہ نے اس کاروائی کو فوجی بغاوت کہنے سے گریز کیا ہے۔
مصر میں سابق صدر محمد مرسی کے حق میں مظاہروں کا سلسلہ ایک ماہ سے مسلسل جاری ہے۔ اخوان المسلمون کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں۔ مصر میں فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت نے کابینہ کے فیصلے کے بعد پولیس کو حکم دیا تھا کہ قاہرہ میں مرسی کے حامیوں کے دھرنوں کو ختم کرایا جائے۔
حکام کے مطابق قاہرہ میں مرسی کے حق میں ہونے والے احتجاجی دھرنے قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ حکومت نے مظاہرین کو تنبیہ کرتے ہوئے سختی سے نمٹنے کی دھمکی بھی دی ہے لیکن سابق صدر کی حمایت میں مظاہرے جاری ہیں۔