لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے ملکی فرسٹ کلاس کرکٹ میں غیرملکی کرکٹرز کو کھیلتا دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
غیرملکی ویب سائٹ کی ایک پوڈکاسٹ پر گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں غیرملکی کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنا خواہش ہے اور پی سی بی کا نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر اُن کی اِس خواہش کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا نظام روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کررہا ہے۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کو سمجھنا ہوگا کہ ماضی میں صرف پی سی بی تھا مگر اب 6 مزید ایسوسی ایشنز میں بھی کرکٹ کی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان ان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے، 18 ماہ میں صرف 3 مرتبہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وقت مانگا۔
پاک بھارت سیریز سے متعلق انہوں نے کہا کہ سیاست کو کھیل سے دور رکھنا چاہیے، تاریخ کا مطالعہ کیا جائے توپاکستان نے کبھی سیریز کھیلنے سے انکار نہیں کیا تاہم مسائل ہمیشہ بھارت کی جانب سے سامنے آئے۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ کو واضح کرچکے ہیں کہ سیریز کھیلنے کو تیار ہیں مگر کبھی اس کے لیے بی سی سی آئی کے پیچھے نہیں بھاگیں گے۔
دورہ انگلینڈ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ سیریز دنیا کے لیے بہت اہم ہے اور اس صورتحال میں ضروری تھا کہ کرکٹ کی دنیا ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کے لیے آگے بڑھے۔
احسان مانی نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم کو انگلینڈ بھیجنا اسپرٹ آف کرکٹ کا عملی مظاہرہ ہے تاہم تماشائیوں کے بغیر کرکٹ کھیلنا پاکستان کے لیے نیا تجربہ نہیں ہوگا۔