فیصل آباد (جیوڈیسک) عید الاضحی اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے لیے پردیسی اپنی جانیں خطرے میں ڈالنے پر مجبور ہو گئے۔ ٹرین اور بسوں کی چھتوں پر سفر کرنے والے یہ لوگ مناسب انتظامات نہ ہونے کی عملی تصویر نظر آرہے ہیں۔
فیصل آباد کی صنعتوں میں لاکھوں کی تعداد میں بیرون شہر اور دور دراز کے علاقوں کے لوگ روزگار کے لیے رخ کرتے ہیں۔ عید جیسے تہوار پر سب کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے گھر منائے، گھروں کو لوٹنے والے لاری اڈوں کا رخ کرتے ہیں لیکن ٹرانسپورٹ کی کمی نے پردیسیوں کو بسوں کی چھتوں پر بیٹھ کر سفر کرنے پر مجبور کر دیا خارجی راستے پر وارڈن ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں لیکن کسی قسم کی کارروائی سے گریزاں نظر آئے۔
اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ٹرینوں کی چھتوں پر سفر کرنےو الے یہ لوگ میرپور ماتھیلو کے ہیں۔ کراچی سے پشاور جانے والی خیبرمیل کی چھتوں پر مسافروں نے رات بھر جاگ کر سفر کیا۔ ٹرینوں کی چھتوں پر سفر کرنے کی سخت ممانعت ہے، محکمہ ریلوے کی جانب سے مذکورہ معاملے کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹرینوں کی چھتوں پر سفر کرنے والے افرا د کی اکثریت بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کی ہے۔ عوام کے لیے سستی سفری سہولیات مہیا کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ تاہم ہر سال اس طرح کی صورتحال پیش آنے کے باوجود کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔