کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ عید الاضحی کے موقع پر دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ شاہراہوں پر سے ٹریفک جام کی شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران عوام کو پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی اور سیوریج مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے ہنگامی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
عید الاضحی پر قیام امن اور صحت مند ماحول کا قیام عوامی تعاون کے ذریعے یقینی بنا یا جائے گا ،عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اُٹھا نے کے لئے بلدیاتی اداروں نے ہنگامی پلان ترتیب دیا ہے علاقائی سطح پر صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے علماء اکرام مساجد و مدارس کے منتظمین بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے جامعہ حمادیہ کے منتظمین سے عید الاضحی کے موقع پر انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران موجود تھے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ عید الاضحی پر قیام امن ،قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگاکر صاف ستھرا صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے انتظامات میں عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں۔
اس موقع پر علماء اکرام نے اجتماعی قربان گاہوں سے آلائشوں کو اُٹھانے کے حوالے سے مسائل بیان کئے جسے سننے کے بعد رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے متعلقہ بلدیاتی افسران کو مساجد و مدارس اور اجتماعی قربان گاہوں پر سے آلائشیں بروقت اٹھانے کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران وعملے کو ہدایت کی کہ عید الاضحی پر اپنے فرائض نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ انجام دیتے ہوئے عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں انہوں نے علماء اکرام کو یقین دلا یا کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت پر فرقہ ورانہ ہم اہنگی ،قیام امن اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے علماء اکرام ،علاقہ معززین اور عوام کے تعاون سے اقدامات کو جاری رکھ کر عوام کو مثالی ماحول فراہم کرینگے۔