کراچی (جیوڈیسک) عیدا لاضحی کے گزر جانے کے باوجود تاحال جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کا کام مکمل طور پر نہیں کیا جا سکا۔۔ آلائشوں سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات پیدا کردیں۔
عید الاضحی کے تینوں روز آلائشوں کو اٹھانے کا سلسلہ سست روی سے جاری رہا۔ جس کے باعث شہروں میں صفائی ستھرائی کا کام تا حال مکمل نہیں ہوسکا۔ کراچی میں صوبائی وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائینیں چوک ہوجانے سے گٹر ابل پڑے۔ جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
گلشن اقبال، گلستان جوہر، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی کے کئی سیکٹرز اور اولڈ سٹی ایریا میں نکاسی کا نظام مفلوج ہے۔ پشاور کے مختلف علاقوں سے جانوروں کی آلائشیں نہیں اٹھائی گئیں۔ جس سے اٹھنے والے تعفن نے مکینوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ فیصل آباد میں بھی عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے لئے ضلعی انتظامیہ کے خصوصی اقدامات کے باوجود آلائشیں نہ اٹھائی جا سکیں۔ جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔