اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال کی طرح اِس عید الاضحی پربھی مصیبت زدہ اور دور دراز پسماندہ علاقوں سمیت شہری علاقوں میں بیواؤں، یتامیٰ اور مساکین تک قربانی فی سبیل اللہ کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کرے گی۔اس کے علاوہ معاون رفاعی تنظیموں کے تعاون سے ترکی میں قائم کردہ شامی مہاجرین کیمپوں جبکہ بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کیمپوں میں بھی خصوصی طورپر قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبد الشکور نے قربانی پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قربانی پراجیکٹ الخدمت فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے۔جس کے تحت ملک بھر میں پھیلے ہزاروں رضاکاروں کے منظم نیٹ ورک کی بدولت دور دراز علاقوں میں قربانی کا گوشت پہنچانے کا بندوبست کیا جاتا ہے۔
قربانی کے گوشت کو موسمی اثرات سے بچانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مستحقین تک پہنچانے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور، کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں قربانی کا اہتمام جدید سلاٹر ہاؤسز میں بھی کر رہی ہے جہاں قربانی، گوشت کی کٹائی اور پیکنگ کا کام ھائی جینک ماحول میں تجربہ کار عملے کی زیر نگرانی جدید مشینوں پر سر انجام دیا جائے گا جس کے بعدقربانی کا گوشت چلر ٹرکوں کے ذریعے آفات سے متاثرہ اور دور دراز علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔گزشتہ سال قربانی پراجیکٹ کے تحت مجموعی طور پر2666 جانورقربان کئے گئے جس سے قریباََ 87 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوئے۔
اس کے علاوہ الخدمت چرم قربانی اکٹھی کرنے والا بھی سب سے بڑا ادارہ ہے۔ چرم قربانی سے حاصل شدہ رقم سال بھر جاری رہنے والے الخدمت کے رفاہی کاموں مثلاََڈیزاسٹرمینجمنٹ،ہسپتال، کلینک، سکول، بیواؤں میں راشن کی تقسیم، پسماندہ علاقوں کے مستحق طلبہ میں مفت سٹیشنری اور سکول بیگز کی تقسیم اور دور دراز علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے کنویں کھدوانے وغیرہ پر خرچ کی جاتی ہے۔اس عید الاضحی پر اپنے مصیبت زدہ اور ضرورت مند ہم وطنوں کوبھی عید کی خوشیوں میں ضرور یاد رکھیں اوراپنی قربانی اور چرم قربانی الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیہ کیجئے۔